امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے سینٹ کام کے سابق سربراہ جنرل (ر) لائیڈ جیمز آسٹن کو وزیر دفاع نامز کردیا ہے۔ لائیڈ آسٹن امریکی تاریخ کے پہلے سیاہ فام وزیر دفاع ہوں گے۔
لائیڈ آسٹن 2016 میں فور سٹار جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے، وہ امریکی سینٹ کام کے 12 ویں کمانڈر کے طور پر خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں۔ جوبائیڈن کی جانب سے نامزد کیے جانے کے بعد لائیڈ آسٹن پہلے افریقی امریکی ہیں جو پینٹاگون کے سربراہ بنیں گے۔
بی بی سی کے مطابق لائیڈ آسٹن سابق صدر اوبامہ کے دور میں 2013 سے 2016 تک امریکی سینٹ کام کو لیڈ کرتے رہے ہیں۔ سینٹ کام کے ذمے مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا میں امریکی مفادات کا تحفظ ہے۔ جنرل لائیڈ آسٹن ہی وہ جنرل تھے جنہوں نے داعش کے خلاف جنگ کی قیادت کی۔