چہرے پر کوئی دانہ نکل آئے تو عموماً لوگ اسے پھوڑ ڈالتے ہیں۔ فلپائن کی اس نوعمر لڑکی نے بھی اپنی ناک پر موجود ایک دانہ پھوڑ ڈالا جس سے اس کی شکل ہی بگڑ گئی اور بینائی ہی جانے لگی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 17سالہ لڑکی کا نام میری این ریگاشو ہے جس کی ناک پر ایک دانہ نکل آیا جسے اس نے پھوڑ دیا۔ دانہ پھوڑنے سے ایک زخم بنا جو آئندہ ہفتوں میں پھیلتا ہوا اس کی ناک اور آنکھوں کے کچھ حصوں کو بھی لپیٹ میں لے گیا۔
میری کا کہنا تھا کہ ”میں نے 16سال کی عمر میں بچے کو جنم دیا اورسمجھ رہی تھی کہ میری ناک پر دانہ زچگی کی وجہ سے نکلا ہے۔دانے کو پھوڑنے کے بعد چند دن تک مجھے اس جگہ تکلیف محسوس ہوتی رہی۔ پھر اس نے میرے چہرے پر پھیلنا شروع کر دیا اور سوجن آنے لگی۔میں جڑی بوٹیوں سے اس کا علاج کرنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن کچھ کام نہیں آ رہا۔ ایک دانہ پھوڑنے کی وجہ سے میری شکل ہی مسخ ہو کر رہ گئی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اب میری شکل کبھی پہلے جیسی نہ ہو سکے گی۔ میں ڈاکٹروں کے پاس نہیں جا سکتی کیونکہ میرا شوہر میرے علاج کا خرچ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتا۔“