الجزیرہ کے درجنوں صحافیوں کے موبائل فونز ہیک کیے جانے کا انکشاف منظرعام پر آیا ہے۔ یہ کام کس نے کیا؟ اس حوالے سے حیران کن تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ دی گارڈین کے مطابق الجزیرہ کے ان صحافیوں کے موبائل فونز اسرائیلی کمپنی ’این ایس او گروپ‘ کے بنائے گئے ایک سافٹ ویئر کے ذریعے ہیک کیے گئے۔یہ سافٹ ویئر ممکنہ طور پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی آرڈر کیا تھا۔
یونیورسٹی آف ٹورنٹو کی سٹیزن لیب کے تحقیق کاروں نے اس واقعے پر تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ یہ دنیا کے ایک بڑے میڈیا ہاﺅس پر ہونے والا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے۔ جس میں اسرائیل کی پرائیویٹ انٹیلی جنس فرم کی طرف سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو فروخت کیا گیا سافٹ ویئر استعمال کیا گیا ہے۔ یہ سافٹ ویئر آئی او ایس 14یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز کے حامل آئی فونز کو باآسانی ہیک کر سکتا ہے۔ این ایس او گروپ کا یہ جاسوس سافٹ ویئر مبینہ طور پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے پہلے بھی جاسوسی کی کئی مہمات میں استعمال کیا جا چکا ہے۔