بھارتی ریاست بہار سے پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو امیروں کے گھروں میں چوریاں کرکے پیسے غریبوں میں بانٹ دیتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محمد عرفان نامی یہ شخص اپنے گینگ کے ساتھ مل کر ان امیر گھروں میں چوریاں کرتا تھا جو بند ہوتے تھے۔ یہ اپنے گینگ کے ساتھ گھر سے صرف جیولری اور کیش چرایا کرتا تھا۔
محمد عرفان نے چوری کے پیسوں سے مہنگی گاڑیاں بھی خرید رکھی تھیں، اس کے علاوہ وہ غریبوں کا مسیحا بننے کیلئے ان میں چوری کے پیسے بانٹا کرتا تھا ، اس نے الیکشن لڑنے کی تیاری بھی کر رکھی تھی لیکن پولیس نے اس سے پہلے ہی اسے گرفتار کرلیا۔
محمد عرفان کے تین ساتھیوں کو ریاست پنجاب سے پکڑا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ’رابن ہڈ‘ عرفان کا کام مندا ہوگیا تھا کیونکہ اس دوران سب لوگ گھروں میں ہی موجود ہوتے تھے۔ ملزم سے مہنگی کاریں اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے۔