جدید لاہور کے بانی سر گنگا رام کی لکڑ پوتی کیشا رام امریکی سینیٹ کی رکن منتخب ہوگئیں۔
کیشا رام ریاست ورمونٹ سے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے سینیٹر منتخب ہوئی ہیں۔ ان کی تقریب حلف برداری چھ جنوری کو ہوئی جس میں کیشا رام نے شلوار قمیض پہن کر شرکت کی۔ چونتیس سالہ کیشا رام اس سے قبل بھی سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں۔ وہ 22 سال کی عمر میں برلنٹن یونیورسٹی ڈسٹرکٹ اور ہل سیکشن کی نمائندہ منتخب ہوئیں اور آٹھ سال تک خدمات سرانجام دیں۔کیشا رام کے والد ہندو جبکہ والدہ یہودی ہیں، ان کی پرورش لاس اینجلس شہر میں ہوئی جہاں ان کے والدین ایک پب چلاتے تھے۔
کیشا رام کے لکڑ دادا سر رائے بہادر گنگا رام متحدہ ہندوستان کی تاریخ کے عظیم سٹرکچرل انجینئر تھے۔ انہیں جدید لاہور کا باپ بھی قرار دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے لاہور کا عجائب گھر، جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) ، ایچی سن کالج، میو سکول آف آرٹس، میو ہسپتال کا سر البرٹ وکٹر ہال اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ ڈیزائن کیا تھا۔ ان کے نام پر قائم سر گنگا رام ہسپتال آج بھی روزانہ ہزاروں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔