امریکہ میں ایک خاتون کی آپریشن تھیٹر میں سرجری کے دوران 37سیکنڈ کے لیے دل کی دھڑکن بند ہو گئی اور اس دوران اس نے جو کچھ دیکھا، واپس زندگی کی طرف لوٹنے کے بعد دنیا کو بتایا تو ہر سننے والا ششدر رہ گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق شکاگو کی رہائشی اس سٹیفنی آرنلڈ نامی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہونے جا رہی تھی تاہم پیچیدگی کے باعث اس کا آپریشن کرنا پڑ گیا اور آپریشن کے دوران 37سیکنڈ کے لیے اس کے دل کی دھڑکن رک گئی، گویا وہ موت کو چھو کر واپس زندگی کی طرف لوٹ آئی۔
سٹیفنی کا کہنا تھا کہ ’آپریشن تھیٹر میں جانے سے پہلے ہی میری چھٹی حس کہہ رہی تھی کہ میری موت ہونے والی ہے۔ آپریشن کے دوران ایک وقت ایسا آیا کہ میری موت واقع ہو گئی۔ میری روح جسم سے نکل کر اوپر کی طرف پرواز کرنے لگی اور میں نے اوپر سے اپنے جسم کو آپریشن تھیٹر میں پڑے دیکھا۔ میں وہاں سے پورے آپریشن تھیٹر کو دیکھ رہی تھی کہ اس میں کیا کچھ ہے اور وہاں کیا ہو رہا ہے۔ طبی عملہ جس طرح میرے دل کی دھڑکن بحال کرنے کی جدوجہد کر رہا تھا، میں اوپر سے وہ سب دیکھ رہی تھی۔میں دیکھ رہی تھی کہ انستھیزیالوجسٹ میرے پیروں کے پاس کھڑا تھا اور میں دیکھ رہی تھی کہ کون سی طرح اچھل کر میری چھاتی پر آئی تاکہ مجھے سی پی آر دے سکے۔“