امریکہ میں ایک 11سالہ طالب علم کو گرفتار کیا گیا ہے جو کلاس میں اپنے آئی پیڈ پر ایسی چیز کے بارے میں سرچ کر رہا تھا کہ ہر سننے والا پریشان ہو جائے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ بچہ امریکی ریاست فلوریڈا کی فلیگلر کاﺅنٹی کے بونیل ایلیمنٹری سکول میں زیرتعلیم تھا جو کلاس کے دوران انٹرنیٹ پر آتشیں اسلحے اور اس سے لوگوں کو نشانہ بنانے کے بارے میں سرچ کر رہا تھا۔
طالب علم نے اپنے آئی پیڈ پر اس سرچ کے علاوہ ایک پرتشدد گیت بھی سنا۔ اگلے دن اس بچے نے اپنا آئی پیڈ ہی اپنے ٹیچر پر اس طرح تان لیا جیسے یہ پستول ہو اور اسے گولی مار کر قتل کرنے کی دھمکی دی۔ اس کے ساتھ بچے نے منہ سے گولی چلنے کی آواز بھی نکالی۔ ٹیچر نے یہ واقعہ سکول انتظامیہ کو بتایا جنہوں نے تحقیقات کیں تو بچے کے آئی پیڈ کی سرچ ہسٹری نے انہیں پولیس بلانے پر مجبور کر دیا، جس نے آ کر اس طالب علم کو حرا ست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسی سکول کے ایک 12سالہ طالب علم نے دیگر طالب علموں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ کل سکول مت آئیں کیونکہ وہ سکول میں فائرنگ کرکے لوگوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی رکھتا ہے۔