ہارٹ اٹیک موت کے چند بڑے اسباب میں سے ایک ہے مگر کیا آپ جانتے ہیں ہفتے کا وہ کون سا دن ہے جس روز لوگوں کو سب سے زیادہ ہارٹ اٹیک آتا ہے؟ سویڈن کے سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سویڈن کی یونیورسٹیوں اوپسلا اور اومیا کے سائنسدانوں نے ایک لاکھ 56ہزار لوگوں پر کی جانے والی اپنی مشترکہ تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ ہفتے میں پیر کا دن ایسا دن ہے جس میں لوگوں کو سب سے زیادہ ہارٹ اٹیک آتا ہے۔
اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے سائنسدانوں نے بتایا کہ پیر کے دن کام کا پریشر بہت زیادہ ہوتا ہے، چنانچہ اسی روز ذہنی دباﺅ اور دیگر وہ عوامل شدید ہوتے ہیں جو ہارٹ اٹیک کا سبب بنتے ہیں۔ تحقیق میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ پیر کے دن کے علاوہ کھیلوں کے عالمی مقابلے، زلزلے اور دیگر اسی نوع کے عوامل بھی ہارٹ اٹیک میں اضافے کا سبب بنتے ہیں کیونکہ ان سے بھی لوگوں میں ذہنی دباﺅ کا لیول بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔