بلیوں کی اوسط عمر ہی 13سے16سال بتائی جاتی ہے اور وہ بھی جنگلی ماحول میں، تاہم برطانیہ میں گزشتہ دنوں ایک آدمی کی 20سال قبل گم ہوجانے والی بلی گھر سے اتنے فاصلے پر مل گئی کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔
برطانوی شہر نینٹوچ کے رہائشی 59سالہ آدمی فوئبے کی اس بلی کی عمر 2سال تھی جب2001ءمیں یہ لاپتہ ہوئی۔انہوں نے پورے علاقے میں بلی کی تصویر کے حامل گمشدگی کے پوسٹر لگائے اور جانوروںکے حقوق کی تنظیم ’رائل سوسائٹی فار دی پری وینشن آف کروئیلٹی ٹو اینیملز‘ (آر ایس پی سی اے)کو بھی رپورٹ کی۔
بالآخر گزشتہ دنوں آر ایس پی سی اے کی طرف سے فوئبے کو فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اس کی 20سال قبل گم ہونے والی بلی مل گئی ہے اور وہ بھی اس کے گھر سے محض 7میل کے فاصلے سے۔تنظیم کو یہ بلی کھیتوں سے ملی، جسے سٹیپلے گرینج اینیمل سینٹر لیجایا گیا اور طبی معائنے کے بعد اسے فوئبے کے حوالے کر دیا گیا۔
فوئبے کا کہنا ہے کہ ”بلی کے واپس آنے پر ہم بے حد خوش ہیں۔ ہم یہ سمجھ کر بلی کو بھول چکے تھے کہ اب وہ کسی اور فیملی کے پاس ہو گی اور کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ یہ اس طرح ایک سرپرائز بن کر ہمیں واپس ملے گی۔“