میانمارمیں دہائیوں کی آمریت سے تنگ آئے شہریوں نے اب کی بار فوجی حکومت کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق کئی ہفتے گزرجانے کے باوجود میانمار کے شہری فوج کی طرف سے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے اور اقتدار پر قبضہ کرنے کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اور گزشتہ روز فوجیوں نے دو مزید شہریوں کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نئی ہلاکتیں میانمار کے شہر ینگون کے علاقے ہلینگ تھر یار ٹاﺅن شپ میں مظاہرین پر فائرنگ کے دوران ہوئیں۔سویلین لیڈر مین وین کھیانگ کی طرف سے شہریوں کو مسلسل ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ اب کی بار ملک پر فوجی قبضے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور فوجی حکومت کا خاتمہ کرکے انقلاب برپا کر دیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ میانمار کی حکومت نے عام انتخابات میں دھاندلی کا بہانہ کرکے اقتدار پر شب خون مارا تھا۔ جس کے بعد سے اب تک فوجیوں کی طرف سے مظاہرین پر فائرنگ کے متعدد واقعات میں اب تک مجموعی طور پر 70سے زائد شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں مگر وہ اقتدار پر فوجی قبضے کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں اور مسلسل سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔