.
امریکہ میں مسافروں سے بھرے ایک ہوائی جہاز میں فیس ماسک کی پابندی پر عمل نہ کرنا ایک میاں بیوی کو مہنگا پڑ گیا۔ جہاز سے ہی اتار دیئے گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ ساﺅتھ ویسٹ ایئرلائنز کی ایک پرواز میں پیش آیا ہے۔ واقعے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد فلائٹ اٹینڈنٹ اس جوڑے کے ساتھ بحث کر رہا ہوتا ہے کہ یا تو وہ فیس ماسک پہن لیں یا پھر ہوائی جہاز سے اتر جائیں۔
یہ جوڑا فیس ماسک پہننے پر رضامند ہونے کی بجائے ہوائی جہاز سے اتر نے پر راضی ہو جاتا ہے اور جونہی میاں بیوی اپنا سامان نکال کر باہر جاتے ہیں، باقی مسافر تالیاں بجانے اور ’بائے بائے‘ کہنے لگتے ہیںجبکہ وہاں کھڑی ایک ایئرہوسٹس خوشی سے ناچنا شروع کر دیتی ہے۔ یہ ویڈیو برینڈن نامی ایک مسافر نے بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔