برطانیہ میں اپنی بیٹی کے ساتھ جھگڑا کرنے والی خاتون کو ان کے دو پالتو کتوں نے کاٹ کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔
دی مرر کے مطابق ایلائنی سٹینلے نامی اس خاتون کا تعلق برطانوی علاقے چیشر کے شہر وڈنیس سے تھا۔44سالہ ایلائنی تین بچوں کی ماں تھی، جس کا اپنی بیٹی لوئس سمتھ کے ساتھ جھگڑا ہوا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پالتو امریکن بل ڈاگز لوئس سمتھ کے کافی قریب تھے چنانچہ انہوںنے اس کے ساتھ جھگڑا کرنے پر ایلائنی پر حملہ کر دیا اور اسے بھنبھوڑ ڈالا۔اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے لوئس سمتھ نے بتایا ہے کہ پہلے ایک کتے نے میری ماں پر حملہ کیا۔ ابھی میں اسے کھینچ کر ہٹانے کی کوشش کر رہی تھی کہ آواز سن کر دوسرا کتا بھی آ گیا اور اس نے بھی حملہ کر دیا۔میرے چیخنے چلانے کی آوازیں سن کر ہمسائے آ گئے اور انہوں نے دور کھڑے ہو کر کتوں کو اینٹیں ماریں جس سے وہ میری والدہ کو چھوڑ کر دور بھاگ گئے تاہم تب تک میری والدہ شدید زخمی ہو چکی تھی۔“ عدالت میں بتایا گیا ہے کہ ان کتوں نے 2016ءمیں ایک کتے پر حملہ کرکے اسے بھی شدید زخمی کر ڈالا تھا۔