عمر رسیدہ لوگوں، بالخصوص خواتین میں ایڑیوں کا درد بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ اس عارضے کو ’ہیل سپر سنڈروم‘ (Heel spur syndrome)بھی کہا جاتا ہے جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ماہر ڈاکٹر مارٹن سکیور نے اب اس درد سے نجات کا طریقہ لوگوں کو بتا دیا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق ڈاکٹر مارٹن کا کہنا ہے کہ عام طور پر یہ درد ایڑی کے اندر یا اس کے پیچھے ہوتا ہے جہاں پنڈلی سے ایڑی تک آنے والا طاقتور پٹھا ایڑی کی ہڈی سے جڑتا ہے۔ کئی بار یہ درد ایڑی کے اطراف میں بھی محسوس ہوتا ہے۔ اگر یہ ایڑی کے اندر ہو تو اسے Plantar Fasciitisکہا جاتا ہے اور ایڑی کا یہی درد سب سے زیادہ پایا جاتا ہے تاہم اگر درد ایڑی کے پیچھے ہو تو اسے Achilles Tendinitisکا نام دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر مارٹن کا کہنا تھا کہ ”ایڑی کے نیچے والا درد عام طور پر زیادہ دباﺅ کا نتیجہ ہوتا ہے، جس سے پاﺅں کی بافتوں کو نقصان پہنچتا ہے اور ان میں اکڑن پیدا ہو جاتی ہے۔ ایڑی کے پیچھے ہونے والا درد پنڈلی سے ایڑی تک آنے والے پٹھے کو پہنچنے والی کسی چوٹ کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔اس کے علاوہ بھی اس درد کی کئی وجوہات ہو سکتی ہے۔ جن لوگوں کو یہ درد لاحق ہے انہیں ایسے فٹنگ والے جوتے پہننے چاہئیں جو پیروں کو سپورٹ فراہم کریں۔ اس کے علاوہ انہیں جسمانی سرگرمی کے اعتبار سے درست جوتوں کا انتخاب کرنا چاہیے۔ ورزش سے قبل پٹھوں کو سکریچ کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ ایسے لوگوں کو چاہیے کہ جتنا ہو سکے آرام کریں اور بوقت ضرورت ایڑی کو اٹھا کر چلیں، روزانہ دوبار دس سے پندہ منٹ تک برف کی ٹکور کریں۔ عام درد کش ادویات کا استعمال کریں۔اگر ان تدابیر کے بعد بھی درددوسے تین ہفتے تک برقرار رہتا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔