امریکہ میں سٹاربکس کی ایک برانچ پر ایک کسٹمر نے ایسا عجیب و غریب آرڈر دے دیا کہ برانچ پر کام کرنے والی ویٹرس نے ملازمت سے ہی استعفیٰ دے ڈالا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ایڈورڈ نامی اس کسٹمر نے سادہ موک ڈرزل آرڈر کرنے کی بجائے اس میں13طرح کی تبدیلیاں کرنے کی فرمائش کر ڈالی۔ اس نے کہا کہ ڈرنک کو دو بار بلینڈ کیا جانا چاہیے، اس کے ساتھ اسے کیرمل ساس کے 7پمپ چاہئیں، اضافی برف، اضافی وِپ اور اضافی کیرمل ڈرزل چاہیے۔
اس کے علاوہ بھی ایڈورڈ نے کچھ عجیب و غریب فرمائشیں کیں جس پر جوزی نامی ویٹرس بوکھلا کر رہ گئی۔ اس نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایڈورڈ کے ڈرنک کی تصویر پوسٹ کی اور اس میں کی گئی تمام تبدیلیوں اور اضافی چیزوں کی فہرست بھی بیان کی۔ اس کے ساتھ جوزی نے لکھا کہ ”یہ وہ چیز ہے جس کے سبب میں نے نوکری چھوڑ دی۔“جوزی کی یہ ٹویٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے ، جسے اب تک 20ہزار سے زائد لوگ ری ٹویٹ اور ڈیڑھ لاکھ لوگ لائیک کر چکے ہیں۔