تائیوان میں ایک ریسٹورنٹ کے مالک کی طرف سے قرض کی رقم واپس ادا نہ کرنے پر دو گینگسٹرز نے ایسی حرکت کر ڈالی کہ ریسٹورنٹ کا مالک ’خدانخواستہ‘ خاتون ہوتا تو خوف سے موت کے منہ میں چلا جاتا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ تائیوان کے دارالحکومت تائپی میں پیش آیا ہے جہاں قرض کی رقم واپس نہ کرنے پر ان گینگسٹرز نے 1ہزار سے زائد کاکروچ لا کر اس آدمی کے ریسٹورنٹ میں پھینک دیئے اور وہاں سے فرار ہو گئے۔
ریسٹورنٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ لباس پہنے دو جرائم پیشہ لوگ آتے ہیں اور کاکروچ ریسٹورنٹ میں پھینک کر الٹے پاﺅں بھاگ جاتے ہیں۔ تائپی پولیس کمشنر چن جیا شینگ کا کہنا ہے کہ ”ملزمان اس واقعے میں ریسٹورنٹ کے مالک کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، جو اس جرائم پیشہ گینگ کا مقروض ہے۔ اس ’کاکروچ حملے‘ کے شبے میں 4مشتبہ لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔“