پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبر پختونخوا حکومت نے معروف ٹی وی میزبان وقار ذکا کو کرپٹو کرنسی ایکسپرٹ کے طور پر مقرر کردیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ اور مائننگ کے حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے چیئرپرسن وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش ہوں گے۔ اس کمیٹی میں وقار ذکا کو بطور کرپٹو ایکسپرٹ شامل کیا گیا ہے۔
وقار ذکا کا اس بارے میں کہنا ہے کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس کمیٹی میں کام کا کوئی معاوضہ نہیں لیں گے اور اپنی خدمات بالکل مفت فراہم کریں گے۔
خیال رہے کہ وقار ذکا کرپٹو کرنسی کے حوالے سے اکثر دعوے کرتے رہتے ہیں۔ وہ نوجوانوں کو کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ کے مشورے بھی دیتے ہیں۔ گزشتہ دنوں وہ اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے پاکستان کا سارا قرضہ اتار سکتے ہیں۔