مائیکرو سافٹ کمپنی نے نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11 کے نام سے متعارف کرادیا۔مائیکرو سافٹ نے 13 جون کو نئی ونڈوز متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ نیا آپریٹنگ سسٹم رواں سال کے آخر تک صارفین کو فراہم کردیا جائے گا۔
ونڈوز 11 میں آپریٹنگ سسٹم کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ نئی ونڈوز میں ویژول تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جو اسے جازبِ نظر بنادیتی ہیں۔
اس کے علاوہ ونڈوز 11 میں نیا سٹارٹ مینیو، ونڈوز سٹور اور ریفریشنگ ڈیزائن شامل کیا گیا ہے۔ ونڈوز 11 کے ٹاسک بار میں ایک نیا آئیکون وجیٹ ہوگا جس کی مدد سے ڈیسک ٹاپ پر خبریں، موسم اور صارف کا دوسرا پسندیدہ مواد پن کیا جا سکے گا۔ اس میں اپ ڈیٹڈ ڈارک اور لائٹ موڈز موجود ہیں ۔ گیمرز کیلئے ونڈوز 11 میں ایکس باکس ایپ شامل کی گئی ہے۔
ونڈوز 11 مین سنیپ لے آؤٹ ہے جو فوری طور پر ایپس کو سنیپ کرنے میں مدد کرتا ہے۔ مائیکرو سافٹ ٹیمز کو بھی براہ راست ونڈوز 11 کا حصہ بنادیا گیا ہے جو ٹاسک بار میں ہوگا، اس کی مددسے صارفین اپنے دوستوں، گھروالوں یا دفتر کال کرسکیں گے۔ نئے آپریٹنگ سسٹم میں نیا ایپ سٹور ہوگا جس کے ذریعے متعدد ایپلی کیشنز کو سپورٹ دی جائے گی۔
خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ نے 13 جون کو ونڈوز 10 ہوم اور پرو کیلئے اینڈ آف لائف (ای او ایل) کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ 14 اکتوبر 2025 کے بعد سے ونڈوز 10 کیلئے سپورٹ، اپ ڈیٹس اور سیکیورٹی کا سلسلہ ختم کردیا جائے گا۔
جب ایک کمپنی کسی آپریٹنگ سسٹم کیلئے اینڈ آف لائف (ای او ایل) کا اعلان کرتی ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد وہ آپریٹنگ سسٹم مردہ ہوجائے گا۔ اس اعلان کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ صارفین کو نئے آپریٹنگ سسٹم کی طرف منتقل کیا جاسکے۔