موبائل فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ نے پاکستان میں پلانٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امکان ہے کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی تک پاکستان میں پروڈکشن شروع کردی جائے گی۔
انگریزی اخبار روزنامہ ڈان نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سام سنگ کی جانب سے پاکستان میں پلانٹ کے حوالے سے کئی کمپنیوں سے بات چیت کی گئی جس کے بعد تین پارٹیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سام سنگ اب ایک کمپنی کو لائسنس دینے کے عمل میں ہے اور امکان ہے کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں سمارٹ فونز کی مقامی مینوفیکچرنگ شروع ہوجائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سام سنگ کی کوشش ہے کہ اس کی پاکستان میں پہلے سے موجود کسی کورین کمپنی کے ساتھ پارٹنر شپ قائم ہوجائے تاکہ ان کیلئے کام کرنے میں آسانی رہے۔