بھارتی ریاست بہار میں ایک شخص نے اپنے اکاؤنٹ میں جمع ہونے والی ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی رقم خرچ کر ڈالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کھگاریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے اکاؤنٹ میں بینک کی غلطی کی وجہ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی رقم منتقل ہوگئی۔ جب گرامین بینک نے اس سے رقم کی واپسی کا تقاضہ کیا تو اس نے کہا کہ اسے یہ پیسے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھیجے ہیں۔
بینک حکام کے مطابق رنجیت داس کو کئی بار رقم لوٹانے کے نوٹسز دیے گئے ہیں لیکن اس کا موقف ہے کہ یہ رقم اسے نریندری مودی نے بھیجی تھی اور اس نے خرچ کردی ہے۔
ولیس نے بینک کی شکایت پر رنجیت داس کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ رنجیت داس نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اسے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی یہ رقم رواں برس مارچ میں ملی تھی۔ ’ میں نے سوچا کہ وزیر اعظم مودی نے وعدہ کیا ہے کہ ہر شہری کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرائے جائیں گے، مجھے لگا کہ یہ ان پیسوں کی پہلی قسط ہوگی، میں نے سارے پیسے خرچ کردیے، اب میرے اکاؤنٹ میں پیسے نہیں ہیں۔‘