امریکی ریاست نیبراسکا سے تعلق رکھنے والا ایک شخص گزشتہ تین برس سے مسلسل کچا گوشت کھا رہا ہے۔ اس شخص کا دعویٰ ہے کہ کچا گوشت اور انڈے کھانے سے اس کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ پورا دن ترو تازہ رہتا ہے۔
ویسٹن روو نامی اس شخص نے ” دی نیچرل ہیومن ڈائٹ” کے نام سے ایک یوٹیوب چینل بنا رکھا ہے جس پر وہ اپنی منفرد ڈائٹ کے حوالے سے ویڈیوز اپ لوڈ کرتا رہتا ہے۔
برطانوی اخباری انڈیپنڈنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ویسٹن روو نے کہا کہ کچا گوشت اور کچے انڈے کھانے سے اس کی صحت مجموعی طور پر بہتر ہوئی ہے، وہ اب پہلے سے زیادہ جسمانی اور ذہنی لحاظ سے صحت مند ہے، اس کے علاوہ جب سے اس نے کچا گوشت کھانا شروع کیا ہے تب سے وہ ایک بار بھی بیمار نہیں ہوا۔
ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے روو نے کہا کہ کچی اشیا کھانے سے اس کا انرجی لیول بہت زیادہ ہوگیا ہے۔ نیو یارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں روو نے دعویٰ کیا کہ انہیں کچا گوشت کھانے کی وجہ سے سالمونیلا انفیکشن جیسے کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، وہ سمجھتے ہیں کہ کچے گوشت میں بیکٹریا ایک توازن کے ساتھ موجود ہوتے ہیں جو جسم کو زیادہ توانائی دیتے ہیں۔ خیال رہے کہ کچا گوشت کھانے سے سالمونیلا انفیکشن لاحق ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔