تحریر : اطہر ہاشمی
حامی اور ہامی کا فرق
انتخاب شلاء گوندل
ایک عام غلطی اخبارات اور برقی ذرائع ابلاغ میں دیکھنے میں آتی ہے، اور وہ ہے ’’حامی‘‘ اور ’’ہامی‘‘ کا استعمال۔ عموماً اس میں خلط ملط ہوجاتا ہے۔ ایک ٹی وی چینل پر پٹی چل رہی تھی کہ فلاں سیاستدان نےفلاں جلسے میں حاضری کی ’’حامی‘‘ بھرلی۔ جسارت میں بھی یہی غلطی نظر آئی۔ حامی اور ہامی میں بڑا فرق ہے، اور حامی بھری نہیں جاتی۔ حامی عربی کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے حمایت کرنے والا۔ اور ہامی ہندی کا لفظ ہے۔ ہامی بھرنے کا مطلب ہے کسی کام کے لیے اقرار کرنا، ہاں کرنا، وعدہ کرنا، زبان دینا وغیرہ۔ یہ شعر دیکھیے:
کیوں مرے قتل پہ ہامی کوئی جلاد بھرے
آہ جب دیکھ کے تجھ سا ستم ایجاد بھرے
ہمارے لکھاری بھائی ان میں فرق نہیں کرتے اور حامی بھر لیتے ہیں۔