Mediacell JIH Maharashtra
14 جون 2024
پریس ریلیز
’’قربانی کے دنوں میں صدقہ یا کوئی دوسرا نیک عمل قربانی کا متبادل نہیں ہوسکتا‘‘
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کےامیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی کا عید الاضحی کا پیغام
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر تمام مسلمانوں اور ہم وطنوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا الیاس خان فلاحی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عید الاضحی کی برکت عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہم سب کے لئے اور پوری انسانیت کے لئے خوشی اور مسرت کا گہوارہ بنائے۔ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی توحید کی دعوت اور شرک کے خلافجد و جہد میں گزاردی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام انسانیت کے لئے نمونہ ہیں اور انہوں نے ثابت قدمی اور استقامت کی زندگی بسر کی۔ وہ اپنے عقیدے، اصولوں، اقدار، مقصد اور مشن پر ثابت قدم رہے اور آزمائشوں کے باوجود ہر قسم کی قربانی پیش کی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ایک ایسی امت کی تعمیر کی جو ان خوبیوں سے عبارت تھی۔ امت مسلمہ کے لئے اس ابراہیمی راہ میں کامیابی اور عظمت کا ایک بہت بڑا سبق اور راز پوشیدہ ہے۔ اگر ہم میں عزم اور ثابت قدمی جیسی خوبیاں پیدا ہوں تو انشاء اللہ ہمارے راستے روشن ہوں گے اور ہمارا مستقبل بھیخوشگوار ہوگا۔
مولانا الیاس خان فلاحی نے مہاراشٹر کی مسلم برادری کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے جس پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عمل کیا اور مسلمانوں کو بھی اس کا حکم دیا۔ یہ صرف ایک رسم یا رواج نہیں ہے۔ لہٰذا جہاں تک ممکن ہو مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر قربانی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ صدقہ کرنا یا کوئی سماجی خدمت کرنا قربانی کے اس عمل کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ جانوروں کی قربانی کرتے وقت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ قربانی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور راستوں پر نہ کریں۔ برائے مہربانی صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی اعلیٰ ترین سطح کو یقینی بنائیں۔ آپ قربانی کے بعد جانور کے خون اور انتریوں کو زمین میں دفن کریں یا اسے کچرا جمع کرنے کے مقررہ مقام تک پہنچائیں۔ عید الاضحی سے قبل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھے اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھی رابطے میں رہے اور علاقے میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی حمایت اور تعاون کی پیش کش کرے۔
جاری کردہ:
ارشد شیخ
سکریٹری، میڈیا ڈپارٹمنٹ، جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر
پتہ: دارالفیض، ساتویں منزل، اقبال کمالی جنکشن، 4سانکلی اسٹریٹ
مدن پورہ، بائیکلہ (مغرب)ممبئی – 400008