جماعت اسلامی ہند، پونہ شہر کی جانب سے سائی بابا نگر، کونڈھوا میں طلبہ و نوجوانوں کے لیے اسٹڈی سینٹر کا قیام

پریس ریلیز
پونہ، 10 فروری 2025: جماعت اسلامی ہند، پونہ شہر کی تعلیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سائی بابا نگر، کونڈھوا میں طلبہ و نوجوانوں کے لیے ایک اسٹڈی سینٹر کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس علاقے میں ضرورت مند طلبہ کی بڑی تعداد کے پیش نظر، یہ سینٹر ان طلبہ کے لیے ایک قیمتی سہولت فراہم کرے گا جو پرسکون ماحول میں اسٹڈی کرناچاہتے ہیں۔

جماعت اسلامی ہند، پونہ شہر کے ناظم جناب انجینئر تجمل خان نے افتتاحی موقع پر کہا کہ جماعت روز اوّل سے طلبہ اور نوجوانوں کی تعلیمی ترقی میں مدد فراہم کرتے آ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند، پونہ شہر کے تحت پہلے ہی کیریئر گائیڈنس، امتحانات کے لیے تیاری، موٹیویشنل پروگرامز اور اسکالرشپس جیسی کئی سرگرمیاں جاری ہیں، اور یہ نیا اسٹڈی سینٹر اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے۔

اس علاقے میں کئی اسکولز، ٹیوشن سینٹرز اور ضرورت مند طلبہ موجود ہیں، جنہیں اپنی تعلیمی ضروریات کے لیے مناسب ماحول میسر نہیں ہوتا۔ اس اسٹڈی سینٹر کے ذریعے سے یہ بھی کوشش کی جائےگی کے تعلیمی رہنمائی فراہم کرنے والے افراد یہاں وقتاً فوقتاً موجود ہوں جو طلبہ کی رہنمائی اور تعلیمی مدد فراہم کریں-

مزید برآں، جماعت اسلامی ہند کا عزم ہے کہ شہر کے دیگر ضرورت مند طلبہ کو بھی تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، چاہے وہ اسکالرشپس کے ذریعے ہو، تعلیمی کٹس کی فراہمی ہو، یا اسٹڈی سینٹرز اور رہنمائی کے پروگرامز کا انعقاد ہو۔ جماعت پہلے ہی کئی اسکولوں میں کمپیوٹر اور تدریسی سہولیات فراہم کر رہی ہے، تاکہ معیاری تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔

اس افتتاحی تقریب میں علاقے کے معززین، اسکولوں کے ذمہ داران اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور جماعت اسلامی ہند کی اس کاوش کو سراہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں